ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے پر عوام کے شکر گزار، ہسپتال جلد ویران ہوں گے، شبلی

اسلام آباد: شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے اسپتال جلد ویران ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اسلام آباد میں پولی کلینک کا دورہ کیا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو گلدستے پیش کیے۔
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی، جس سے کورونا کے کیسز میں کمی آئی، عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو دنیا نے اپنایا، ہم نے متحد ہوکر وبا کا مقابلہ کرنا ہے جب کہ بے یقینی، افواہیں پھیلانے اور ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا ہوگا جس سے قومی یکجہتی میں دراڑیں پڑیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، اس سے کورونا پر کافی حد تک کنٹرول پایا گیا ہے، تاہم کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا لہذا خطرہ اب بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا کے دوران احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگوں تک امداد پہنچائی، 150 ارب روپے میرٹ پر ایک کروڑ خاندانوں میں تقسیم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کی بلکہ سنجیدہ اقدامات کیے اور وبا کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہی، حکومتی کوششوں سے کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھایا گیا، اگر ہم محتاط انداز سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے رہے تو ہسپتال جلد ویران ہوں گے اور کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام کو 100 دن مکمل ہوگئے، این سی او سی نے وبا کو جس طرح موثر انداز میں کنٹرول کیا وہ قابل تحسین ہے، اس نے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دن رات کام کیا۔

coronavirusShibli