اپوزیشن کرپشن کی پردہ پوشی کیلیے حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہے، شبلی

کراچی: شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ والے قیادت کی کرپشن پر پردہ پوشی کے لیے حکومت پر دباوَ ڈال رہے ہیں۔
سندھ کی مقامی قیادت حلیم عادل شیخ، راجہ اظہر اور دیگر کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت جو بھی ہورہا ہے وہ کچھ لوگوں کے ذاتی مفاد کے لیے ہے، احتجاجی سیاست کرنے والوں کے پیچھے ذاتی مفادات ہیں، جلسے اور جلوسوں کا بنیادی مقصد کیا ہے سب جانتے ہیں، اپوزیشن جلسے اور جلوسوں سے مقدمات میں ریلیف چاہتی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ والے قیادت کی کرپشن پر پردہ پوشی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں، اپوزیشن کے پاس تحریک چلانے کا اخلاقی جواز نہیں ہے، ماضی میں ذاتی مفادات کے لیے اداروں کو مفلوج کردیا گیا، اداروں کے خلاف بولنے والوں کے لیے قوم میں غم وغصہ پایا جاتا ہے، قوم ملکی اداروں پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہمیں سکھایا ہے کہ ہم نے مخصوص علاقے کی خدمت نہیں پورے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے، سیاسی اختلافات کو بھول کر کراچی اور سندھ کے مسائل حل کرنے ہوں گے، کم وسائل کے باوجود کراچی کے مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر کراچی سمیت دیگر اضلاع کے لیے پیکیج بنارہے ہیں، کراچی اور سندھ کی انڈسٹری کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، بدقسمتی سے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام سست روی کا شکار ہے اور اپوزیشن بھی ترقیاتی کاموں کو ہمیشہ سیاست کی نذر کرتی ہے۔ معیشت، کورونا اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے بجائے مسائل پیدا کیے جارہے ہیں، ہم مہنگائی کی بات کو تسلیم کرتے ہیں، اس پر بھی قابو پایا جائے گا۔
شبلی فراز نے کہا کہ حکومت سندھ جزیروں کے معاملے کو سیاسی بنارہی ہے، وفاقی حکومت جزائر کے معاملے پر کوئی غیرآئینی اقدام نہیں کررہی، جزائر میں صنعتوں کے قیام کے حق میں ہیں، ہم جزائر کے معاملے پر بھی سندھ کے عوام کے لیے روزگار کا سوچتے ہیں، لیکن اگر ان کے حق میں سوچتے ہیں تب بھی مسئلہ اور نہ سوچیں تب بھی مسئلہ ہی ہوتا ہے۔

#Shibli FarazkarachiOppositionsPress conference