لاہور: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے عام انتخابات وقت پر ہی ہوں گے، کرپشن کرنے والوں کو ہر صورت احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ملاقات کی، جس میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب نے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے پر شبلی فراز کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا موجودہ حکومت ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنارہی ہے، سفارشی کلچر ختم کردیا ہے، اپوزیشن کا ایجنڈا صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے، ان کو ملک و قوم کی فکر نہیں۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا عوام اپوزیشن کے بیانیے کے ساتھ نہیں حکومتی پالیسوں کے ساتھ کھڑے ہیں، سیاسی مخالفین پارلیمنٹ کے اندر باہر کہیں بھی عوام کی بات نہیں کرتے، بلاامتیاز احتساب ملکی ترقی و خوش حالی کا ضامن ہے، قومی وسائل کا تحفظ کیا جائے گا، ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے موجودہ حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔
چوہدری سرور نے کہا وزیراعظم عمران خان اصولوں پر ڈٹ جانے والے لیڈر ہیں، سمجھوتہ کرنے والے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کورونا پھیلائو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا حکومتی اقدام موثر ثابت ہوا ہے، اگر عوام نے عید اور محرم میں ایس او پیز پر عمل کرلیا تو ان شاء اللہ ہم کورونا کو شکست دے دیں گے۔