شیل کا پاکستان میں اپنا کاروبار بند کرنے کا فیصلہ

کراچی: معروف بین الاقوامی پٹرولیم کمپنی شیل نے پاکستان میں اپنا کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شیل کا کہنا ہے کہ وہ شیل پاکستان کے77 فیصد حصص فروخت کردے گی اور کمپنی کا انتظام و انصرام خریدار کے حوالے کردے گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق شیل پٹرولیم کمپنی کو 2022 میں ڈالر کی قدر میں اضافے اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باعث بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے علاوہ برطانوی کمپنی کو واجبات کی وصولی میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث کمپنی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
شیل کے ترجمان کے مطابق حصص کی فروخت میں گروپ کے دیگر کاروبار بھی شامل ہیں جن میں پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (PAPCO) کے 26 فیصد مالکانہ حقوق بھی شامل ہیں۔
شیل پٹرولیم کمپنی نے جاری بیان میں کہا کہ ادارہ پاکستان میں اپنے حصص فروخت کررہا ہے جس کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی جاچکی ہے، اس فروخت سے پاکستان میں جاری شیل کے آپریشنز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور وہ جاری رہیں گے۔

 

Leave BusinessPakistanShare Sell DecisionShell