لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہم کہیں نہیں جارہے اور ہم پکے 5 سال کے لیے آئے ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 31 دسمبر سے پہلے جھاڑو پھرے گی، کوئی کہہ رہا ہے ہم دسمبر میں جارہے ہیں اور کوئی جنوری کا کہہ رہا ہے، بھائی جان ہم کہیں نہیں جارہے، ہم پکے 5 سال کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپٹ لیڈر کے خلاف جہاد کررہا ہے، 31 دسمبر سے پہلے میم سے شین کے 8 سے 15 آدمی نکلیں گے، 8 سے 15 آدمی اپوزیشن کو چھوڑ جائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پہلے نواز شریف بے نظیر کو سیکیورٹی رسک کہتے تھے، آصف زرداری بہت پروفیشنل ہیں، انہیں معلوم ہے جیل، اسپتال اور گھر کب جانا ہے، بلاول کل لاہور آئے شوق سے آئے، وہ سندھ سے حکومت ختم نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے عالمی سازش ہورہی ہے۔