سابق وفاقی وزیر شیخ رشید راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کردیا۔
شیخ شید کو وفاقی پولیس نے اسلام آباد کچہری میں ہتھکڑی لگاکر پیش کیا، جہاں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا پہلے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی؟ اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پہلی بار کررہے ہیں، اس سے پہلے نہیں کی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے حال ہی میں شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کی تھی، شیخ رشید جیل میں ہیں، کہیں باہر نہیں جاسکتے۔
سابق وزیر کے وکیل علی بخاری نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کی، جس کے بعد پراسیکیوٹر نے راہداری ریمانڈ سے متعلق دلائل دیے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ شیخ رشید جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، ان کو مری کی عدالت میں پیش کرنا ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے شیخ رشید کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کردیا۔
عدالت نے شیخ رشید کو کل دو بجے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

Chairman Awami Muslim LeagueHanded Over Murree PoliceRemandShaikh Rasheed