اسلام آباد: پاکستان میں شوال المکرم کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں بدھ 10 اپریل کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کے مرکزی دفتر کوہسار بلاک میں ہوا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی اسلام آباد کے ارکان، محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی ماہرین شریک تھے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے شوال کے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
پورے ملک سے براہ راست مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کالیں موصول ہوئیں۔ سرائے عالمگیر، شیخوپورہ۔ اوکاڑہ سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ شہریوں نے چاند کی تصاویر اور ویڈیوز بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو واٹس ایپ کیں۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی صوبائی دارالحکومتوں میں ہوئے۔
اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔