اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے وسائل کے بہتر سے بہتر استعمال اور مالیاتی منیجمنٹ کیلئے کوشاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے ورلڈ بنک کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آپریشنز ایکسل وین ٹروٹسنبرگ کی ورچوئل نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزراء عمر ایوب، حماد اظہر، معاون خصوصی تابش گوہر، وقار مسعود اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر خزانہ نے موجودہ اقتصادی صورتحال اور کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اس موقع پر انرجی سیکٹر میں بہتری کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ معاون خصوصی تابش گوہر نے پاور سیکٹر اصلاحات پر اظہار خیال کیا اور ایم ڈی ورلڈ بنک کی انرجی سیکٹر میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ورلڈ بنک نے اصلاحاتی ایجنڈے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ مالیاتی اصلاحات، سماجی اور اقتصادی ترقی، توانائی اور قرضوں کی منیجمنٹ میں تعاون قابل قدر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل کرنے میں کامیابی ہوئی ہے، معیشت کی بہتری کیلئے وسائل کا بہتر سے بہتر استعمال اور مالیاتی منیجمنٹ کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔