ریوڈی جنیرو: پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ اور دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم ساز شرمین عبید چنائے اور دیگر نامور ڈائریکٹروں کے اشتراک سے بننے والی دستاویزی فلم آئی ایم سم باڈی نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔
فلم نے میلانو انٹرنیشنل فیسٹیول میں گرلینڈ دی اونر کا ایوارڈ جیتا ہے اور اس فیسٹیول کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی طرف سے توثیق حاصل ہے۔
فٹ بال آئیکون ڈیوڈ بیکھم کو فلم میں مہمان اداکار کے تحت شامل کیا گیا ہے اور اس میں مختلف ممالک کے ان بچوں کو شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے فٹ بال کے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ قطر میں حصہ لیا۔
کچھ بچے برازیل اور بنگلادیش سے، کچھ پاکستان سے جب کہ کچھ بچوں کو فلسطین کے مہاجر کیمپوں سے فلم میں شامل کیا گیا ہے۔
فلم کی شوٹنگ پانچ ممالک میں کی گئی ہے اور اس میں اسٹریٹ چائلڈ ورلڈکپ سے پہلے اور بعد کے بچوں پر اثرات کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم کا ورلڈ پریمیئر رواں برس اکتوبر میں برازیل میں فیسٹیول دی ریو کے موقع پر کیا گیا تھا۔