کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نمل عمر ایکٹ تمام اسپتالوں پر لاگو ہے، گن شاٹ یا ایکسیڈنٹ میں آپ پرائیویٹ اسپتال بھی جاسکتے ہیں، اس کے پیسے سندھ حکومت بھرے گی اور کوئی پولیس سرٹیفکیٹ نہیں مانگا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انفلوئنزا بیماری پاکستان سمیت دیگر ممالک میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ سوشل ڈسٹنس رکھیں ہاتھ نہ ملائیں، اس بیماری سے لنگس بھی متاثر ہوسکتے ہیں، احتیاط کریں۔
انہوں ںے کہا کہ نمل عمر ایکٹ سندھ اسمبلی نے منظور کیا تھا، نمل عمر بل قانون ہے سب اسپتالوں پر لاگو ہے، کسی کو کوئی گن شاٹ ہوجائے یا ایکسیڈنٹ ہوجائے تو آپ پرائیویٹ اسپتال میں بھی جاسکتے ہیں، نمل عمر ایکٹ کے تحت ایمرجنسی کیسز میں کسی بھی پرائیویٹ اسپتال جاسکتے ہیں اس کے پیسے سندھ حکومت بھرے گی اور کوئی پولیس سرٹیفکیٹ نہیں مانگا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے جو بل منظور ہوا تھا اس پر گورنر سندھ نے اعتراض لگایا تھا، کابینہ نے تمام اعتراضات کو مسترد کردیا، پیر کو پھر اسمبلی میں بلز لائے جائیں گے، کچھ بل تو ایسے تھے جن میں ایم کیو ایم کی رائے بھی شامل تھی، گورنر کے مختلف چیزوں پر اعتراض تھے، گورنر صاحب کے اعتراضات قابل احترام ہیں مگر یہ جمہوریت ہے اور کابینہ کی رائے گورنر سے مختلف ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ دو دن بعد ہتھیاروں کی نمائش پر سختی کی جائے گی، جس کے پاس بھی اسلحہ نظر آیا وہ گرفتار ہوجائے گا، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر بھی پیر سے سختی کی جائے گی، شوروم سے اَن رجسٹرڈ گاڑی باہر نہیں نکل سکے گی، گاڑیوں کی فٹنس بھی بہت لازم ہے، ہم نے ٹرانسپورٹرز سے بھی ملاقاتیں کی ہیں اور انہوں نے یقین دلایا کہ جتنے بھی قوانین بنیں گے اس پر عمل کیا جائے گا
بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور کم عمر بچوں کو گاڑی چلانے نہیں دی جائے گی۔
جامعات کے وائس چانسلرز کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص اہلیت رکھتا ہوگا تو وہ وی سی بنے گا، ہر پاکستانی وائس چانسلر بن سکتا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شہر میں کام تیزی سے ہورہا ہے، کراچی میں دو سو سے زائد ای وی گاڑیاں ہیں جو کچرا اٹھاتی ہیں، شہر میں ترقیاتی کاموں کے باعث جو شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں اس کی مختلف وجوہ ہیں۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی سیکیورٹی گارڈ گاڑی کے اندر بیٹھے گا، سیکیورٹی گارڈز، ڈالوں میں نہیں بیٹھیں گے گارڈز کو گاڑیوں کے اندر بیٹھنا ہوگا۔