کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
شنیرا اکرم کی جانب سے ٹویٹر پر کراچی کے چڑیا گھر میں بھوک کی شدت سے نڈھال شیر کی ویڈیو شیئر کی گئی۔
انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل غلط ہے، یہ منظر دِل شکستہ ہے جو یقینی طور پر تفریح فراہم کرنے کے لیے نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم جانوروں کی دیکھ بھال نہیں کرسکتے اور انہیں کھانا نہیں کھلا سکتے تو ہم چڑیا گھر کے مستحق بھی نہیں ہیں، جانوروں کو کھانا کھلانے کے لیے عملے کو تنخواہ نہ ملنا کوئی عذر نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹھیکیدار نے ادائیگی نہ کرنے پر کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کو کھانا دینا بند کردیا تھا، چڑیا گھر میں بھوک کے باعث شیر سمیت کئی جانور بے سدھ پڑے دیکھے گئے، تاہم معاملہ منظرِعام پر آنے کے بعد ٹھیکیدار نے جانوروں کو خوراک فراہم کرنا شروع کردی۔