پاکستان سے مقبوضہ کشمیر میں کوئی دراندازی نہیں ہورہی: وزیر داخلہ

اسلام آباد: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دشمن پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سرحدوں سے کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا بلکہ دشمن، ملک کو اندر سے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کسی دہشت گرد کا داخلہ ممکن نہیں، دہشت گرد بھیجنے کے حوالے سے بھارتی وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے، اس کی تردید کرتا ہوں، ہمارے بارڈر سے کوئی پار نہیں جاسکتا اور نہ ہی کوئی ہمیں سرحدوں پر نقصان پہنچاسکتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کوئی دراندازی نہیں ہورہی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا افغانستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم امن کے داعی ہیں، افغانستان کے ساتھ سرحد بند ہے، افغانستان جانے اور افغانوں کا مسئلہ جانے۔
انہوں نے بتایا کہ آج سے 10 محرم تک سابق فاٹا میں انٹرنیٹ بند رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ نورمقدم کیس میں ملوث ہیں ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے محرم الحرام کے دوران کورونا ایس او پیز پر بھی عمل کرنے کی اپیل کی۔

#nooremuqaddam caseIndiaoccupied KashmirPakistan