اسلام آباد: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہوگی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ 19 اور 20 صفر کو شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر صوبوں کی مدد کے لیے پاک فوج اور رینجرز تعینات ہوگی، اس کے علاوہ صوبائی حکومتوں کی درخواست پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے شوقین ہیں، وزیراعظم نے ورلڈ کپ پاکستان کو دیا، میں اُس وقت وزیر کھیل تھا، اپوزیشن نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کا الزام ہم پر لگارہی ہے، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر ہم پر تنقید نہ کی جائے، کابینہ نے پہلی مرتبہ کسی کرکٹ ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی، اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہوگی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی، ہمیں کسی سے کچھ جاننے کی ضرورت نہیں، ہماری ایجنسیاں دنیا کی بہترین ایجنسیاں ہیں، فائیو آئی اس وقت کہاں تھی جب نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں پریکٹس کررہی تھی، جس ای میل کی بات ہورہی تھی وہ تو بعد میں آئی، ہم سے جو سلوک کیا جارہا ہے اس کے مستحق نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں سرحدوں کا دورہ جنگ کے لیے نہیں امن کے لیے کررہا ہوں، بھارتی میڈیا کے پاس شیخ رشید اور طالبان کے علاوہ کرنے کو کوئی بات نہیں، بھارت کو میرے بارڈر پر جانے کی تکلیف ہے، میں نے اونچے ترین محاذ سیاچن کا دورہ کیا اور لیپا کی چیک پوسٹوں پر بھی جاؤں گا، میرے دورے سے پاک فوج کے جوانوں کا حوصلہ بلند ہوا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا کردار ادا کررہا ہے، ہمارا پہلے دن سے ایک ہی موقف ہے کہ پُرامن افغانستان ہی پاکستان کی ضمانت ہے، عمران خان کی اولین ترجیح ہے کہ افغانستان میں انسانی جانوں کا مسئلہ نہ ہو، وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان میں واضح کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ ہیں، عمران خان نے ایبسلیوٹلی ناٹ کا نعرہ لگایا جس کی دنیا میں شہ سرخیاں لگائی گئیں، افغانستان سے ہم نے 16 ہزار لوگوں کا انخلا کیا جس میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے لوگ بھی شامل ہیں، بھارت نے جو پروپیگنڈا کیا، وہ ملبہ پاکستان پر ڈالا جارہا ہے۔ پاکستان کی ساری سرحدیں محفوظ ہیں، ہم نے کوئی مہاجر کیمپ نہیں بنایا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اب 50 سے بڑھا کر 100 وارڈ میں ہوں گے، وفاقی کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 516 مدارس ہیں، ایک مدرسے میں مسائل ہیں، اسے انتظامیہ حل کرے گی، کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن کی تیاری کررہی ہے، یہ جمعہ جمعہ کھیل رہے ہیں۔ اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ ای وی ایم مشین پر ہم سے بیٹھ کر بات کریں۔