اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی دی ہے جو صرف پھلجڑی نکلے گا۔
اسلام آباد میں ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو عوام دوست محکمہ بنانے کی ہدایت کی ہے، سائبر کرائم ونگ میں دو ہزار بھرتیاں کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ ای سی ایل اور بلیک لسٹ میں نام کم کرنے کا حکم دے دیا، ایف آئی اے سے کہا ہے کہ بلاوجہ لوگوں کے نام نہ رکھے جائیں، ای سی ایل میں چار سو لوگ ہیں اور بلیک لسٹ میں بھی بہت لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ سیاسی سطح پر تمام جماعتوں سے مثبت بات چیت کرنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم فروری سے پہلے ہی لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد آجائے، عمران خان پانچ سال پورے کرے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن کو استعفے دینے ہیں تو دے دیں، بلاول نے شہباز شریف سے ملاقات کے بعد استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی دی ہے، استعفے کی دھمکی صرف پھلجڑی ہے اس میں سیاسی ایٹم بم نہیں ہوگا، ن لیگی اراکین شہباز شریف کو استعفیٰ دیں گے اور جس شہباز شریف کو میں جانتا ہوں وہ مذاکرات کا حامی ہوگا، امید ہے شہباز شریف نے بلاول کو اچھا مشورہ دیا ہوگا۔