اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، ملک کے تمام سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں، صورت حال سے متعلق کچھ دیر بعد پریس کانفرنس میں آگاہ کروں گا۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کیا، یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے، ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں، ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے یکطرفہ طور پر سیکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان سے سیریز منسوخ کردی ہیں اور اپنی ٹیم کو وطن واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔