فارن فنڈنگ کیس پاناما 2 بنے گا، وزیر داخلہ

کراچی: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس پاناما 2 بنے گا اور مریم نواز کی بہت ساری جائیدادیں نکل آئیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس پاناما ٹو بنے گا، مریم کی بہت ساری جائیدادیں نکل آئیں گی، وہ اس کیس کو اچھی طرح پڑھ لیں یا پڑھوالیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر اپوزیشن نے ہم سے تعاون کیا، ہم نے بھی ان سے تعاون کیا، لانگ مارچ میں اسی طرح تعاون کیا گیا تو ہم بھی اسی طرح تعاون کریں گے، پہلی بار کسی وزیر داخلہ نے ریڈ زون جانے کی اجازت دی ہے، جو کچھ بھی ہو مولانا فضل الرحمان کو خبر دینا چاہتا ہوں کہ معاملات آپ کے گلے پڑنے جارہے ہیں اور آپ سب سے زیادہ سیاسی خسارے میں رہنے والی شخصیت ہوں گے، ان لوگوں نے پہلے بھی مولانا سے ہاتھ کیا تھا اور اب بھی کریں گے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں نادرا دفاتر کھولنے کا اعلان کرتا ہوں، ایک لاکھ شہریوں کو روزانہ مفت شناختی کارڈ جاری کریں گے، پاسپورٹس میں چپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پاسپورٹ میں چپ لگا کر ای پاسپورٹ کرنے جارہے ہیں، شہریوں کی شکایات بھی دور کی جائیں گی۔
شیخ رشید نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔ رینجرز حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور رینجرز کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ کراچی کے امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، دہشت گردی، جرائم کے سدباب اور امن کی بحالی کے لیے رینجرز کا کردار اہم ہے۔

interior ministerkarachiPress conferenceShaikh Rasheed