کراچی: شاہد آفریدی نے شاہین کو کپتان بنانے کی حمایت میں خود سے منسوب کیے گئے بیان کی سختی سے تردید کردی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جگہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے کپتان بننے سے متعلق خبروں پر ان کے سسر شاہد آفریدی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں نجی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر خبر سامنے آئی تھی کہ شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین آفریدی بابر اعظم سے بہتر انداز میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرسکتے ہیں، لاہور قلندرز نے شاہین شاہ کی قیادت میں پی ایس ایل ٹرافی جیتی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران خود سے منسوب کیے جانے والے اس بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں ان دنوں ایک ہی چینل پر بیٹھ کر بات کرتا ہوں، مجھے سمجھ نہیں آرہا لوگ مجھ سے متعلق اپنی طرف سے باتیں کیوں بنارہے ہیں؟
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ میں تو وہ واحد انسان ہوں جو شاہین کو کپتان بننے سے دُور رکھتا ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو شاداب خان کی جگہ نائب کپتان بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
قومی ٹیم کا اگلا بڑا امتحان بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والا آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ ہے اور ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی ہے۔