چیمپئنز ٹرافی: ٹیم کے چند کھلاڑیوں پر اعتراض، نام نہیں لوں گا، شاہد آفریدی

لاہور: اسٹار آل رائونڈر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی چمپئنز ٹرافی کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیم پر اعتراض کردیا۔
شاہد آفریدی نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم میں چند کھلاڑیوں کی شمولیت پر اعتراض ہے لیکن وہ ان کے نام نہیں لیں گے، ہمیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا ہوگا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیمیں پوری تیاری کے ساتھ آئی ہیں، پاکستان کو فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کی عدم شمولیت پر مزید بات نہیں ہونی چاہیے، جو کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہیں، ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، پاکستانی جھنڈے تلے سب کو متحد ہوکر اپنی ٹیم کا ساتھ دینا ہوگا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آئی ہیں، بھارت کو بھی آنا چاہیے تھا، اب جہاں بھارت کھیل رہا ہے، پاکستان کو وہاں جیتنے پر توجہ دینی چاہیے۔
اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے بھی چیمپئنز ٹرافی کے لیے منتخب ہونے والی پاکستانی ٹیم پر اعتراض اٹھایا تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں راشد لطیف کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل 6، سات کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔

Champions Trophymedia talkPakistan cricket team former captainshahid afridi