پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر، مودی نے بھارت کو بندگلی میں دھکیل دیا: شاہد آفریدی

کراچی: سابق اسٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت کا میڈیا 50 فیصد بولی وُڈ اور 50 فیصد کارٹون نیٹ ورک ہے، نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بندگلی میں دھکیل دیا، بھارت کو اب اندازہ ہوگیا کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا پڑے گا۔
بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بُنیان مّرصُوص کی کامیابی پر سی ویو کراچی پر یوم تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آج ہم امن کے لیے باہر نکلے ہیں، پاکستان کی افواج کو سلیوٹ کرتا ہوں، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کا ایک ایک بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے، میں اپنی فیملی اور دوستوں کی جانب سے پاک فوج کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت کو اب اندازہ ہوگیا کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا پڑگیا، بھارت کا میڈیا 50 فیصد بولی وُڈ اور 50 فیصد کارٹون نیٹ ورک ہے، نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے، بھارت میں لوگ پیار محبت سے چلنا چاہتے ہیں لیکن مودی بھارتیوں کو بدنام کررہا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے معصوم بچوں کو شہید کیا، سویلین آبادی پر حملے کیے، لوگ شہید ہوئے، مساجد شہید کی گئیں، کئی معصوم شہید ہوئے، آپ نے ہمارے بچوں کو سویلینز کو مارا ہے، آپ ایک ثبوت بتادو کہ ہم نے آپ کے کسی سویلین کو مارا ہو، ہماری فوج سے لڑو تاکہ پتا چلے کہ تم کتنے تگڑے ہو۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، ہمارا مذہب امن کا درس دیتا ہے، 70 سے 80 ہزار لوگ ہمارے شہید ہوئے ہیں، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، بغیر ثبوت کے پہلگام واقعے کا الزام ہم پر لگایا گیا، حملہ کیا ہے تو اب نتائج بھگتو، مودی پاکستان سمیت پوری دنیا میں بدنام ہورہا ہے، کینیڈا میں سکھوں پر حملہ کیا وہاں منہ کی کھانا پڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارا ملک بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں ملا ہے اور آج تک ہم قربانیاں دے رہے ہیں، اس ملک کے لیے جوانوں نے قربانی دی، ان کی قربانی ضائع نہیں ہوگی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری فوج نے کہا تھا کہ جب ہم حملہ کریں گے تو دنیا دیکھے گی، ہم نے کرکے دکھادیا، بھارت کو ہماری صلاحیت کا اندازہ نہیں تھا لیکن اب اندازہ ہوگیا ہوگا، میں اب بھی کہتا ہوں محبت سے چلو، کرکٹ ہونے دو، لوگوں کو ملنے دو، ہم محبت کی بات کرتے ہیں، آپ اپنے ملک میں نفرتیں پھیلا رہے ہیں۔

 

CeasefireIndia Pakistan WarPakistan ArmyPakistan cricket team former captainRallyshahid afridispeechYoum e Tashakkur