کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے رات گئے الیکشن میں حصہ نہ لینے کے اعلان کو مذاق قرار دے دیا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی سے نجی ٹی وی چینل کی جانب سے انٹرویو میں سوال ہوا کہ آپ نجم سیٹھی یا ذکا اشرف میں سے کس کو بہتر سمجھتے ہیں، اس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی سوچ والے لوگوں کی ضرورت ہے، میں ہوتا تو دونوں کو آرام کرواتا۔
انہوں نے کہا کہ رمیز راجہ چیئرمین تھے تو وہ اکیلے چلنے کی کوشش کرتے تھے ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ تن تنہا چلیں، وسیم خان اچھا نام تھے وہ غیر ملکی سیٹ اَپ سے آئے تھے انہیں دیگر چیزوں کا علم تھا، پاکستان میں کرکٹ بحالی میں وسیم خان کا بڑا کردار تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹر پر تبدیلیوں کا کوئی اثر نہیں پڑے گا، لیکن اگر ورلڈکپ سے قبل سلیکشن کمیٹی، کوچز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی وہ پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔