کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا اوور اسپیڈنگ پر چالان ہوگیا، سابق قومی کپتان نے اس پر موٹروے پولیس کو شاباشی دی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق شاہد آفریدی لاہور سے کراچی آرہے تھے کہ مقررہ رفتار سے تجاوز کرگئے، جس پر موٹروے پولیس نے ان کا 1500 روپے کا چالان کرڈالا۔
چالان کرنے پر شاہد آفریدی نے ہرگز بُرا نہیں منایا بلکہ اس موقع پر انہوں نے موٹروے پولیس کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے قانون سب کے لیے برابر ہے۔
بعدازاں شاہد آفریدی نے موٹروے پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی، جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔