کراچی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے دستبردار ہوگئے، تاہم ایم کیو ایم کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے دونوں جماعتوں میں ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے بتایا کہ شہباز شریف کراچی کے ضلع کیماڑی سے قومی اسمبلی کی نشست سے دستبردار ہوگئے ہیں، شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی واپس لینے آیا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن جس طرح قریب آرہے ہیں، سیاسی گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے، این اے 242 پر شہباز شریف الیکشن نہیں لڑیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ شہباز شریف کی جگہ خواجہ شعیب این اے 242 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔
دھیان رہے کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 242 پر کئی روز سے ڈیڈلاک ہے اور دونوں جماعتوں کے رہنما سیٹ چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھے، اس معاملے پر دونوں جماعتوں کے وفود نے ایک دوسرے سے کئی ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
چند روز قبل یہ خبر آئی تھی کہ مصطفیٰ کمال این اے 242 سے دستبردار ہوگئے ہیں، تاہم اگلے ہی روز ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے اس خبر کی تردید کردی تھی۔