اسلام آباد: شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا۔
شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈال دیا گیا، شہباز شریف کو اگر اجازت دی گئی تو انہیں واپس لانا مشکل ہوگا، شریف خاندان کے 5 افراد پہلے سے مفرور ہیں اور لندن میں بیٹھے ہیں، ان کے خلاف مقدمے میں 5 افراد سرکاری گواہ بن گئے ہیں، اگر انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاتی تو وہ ان پر اثرانداز ہوسکتے تھے۔
اس سے قبل فواد چوہدری نے بھی اپنی ٹویٹ میں کہا کہ کابینہ کی منظوری اور قانونی ضابطے مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے اور متعلقہ ریکارڈ اس ضمن میں اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، تاہم 8 مئی کو حکومت نے انہیں جانے سے روک دیا تھا۔ بدھ کو وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ نے اُن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد یہ معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیجا گیا تھا۔ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔