لاہور: شہباز شریف کو سسٹم میں بلیک لسٹ ہونے کے باعث دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو لاہور سے دوحہ جانے سے قبل ایئرپورٹ پر موجود ایف آئی اے امیگریشن اہلکار نے روک کر دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے واپس اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔
شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر امیگریشن اہلکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا آرڈر ہے اور ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی گئی ہے جس پر انہیں بتایا گیا کہ امیگریشن سسٹم پر کلیئرنس اپ ڈیٹ ہونے تک آپ ملک سے باہر نہیں جاسکتے۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے شہباز شریف کا نام تاحال بلیک لسٹ سے نہیں نکالا گیا، سسٹم میں کلیئرنس جاری نہیں ہوئی، امیگریشن سسٹم میں اپ ڈیٹ نہ ہونے سے انہیں آف لوڈ کردیا گیا لہٰذا نام کلیئر ہونے پر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ شہباز شریف کو آج صبح 4 بج کر 50 منٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 621 کے ذریعے لاہور سے دوحہ روانہ ہونا تھا جہاں قطر میں 10دن قرنطینہ کے بعد ان کی لندن روانگی تھی۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بیرون ملک روانگی کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہیں رخصت کرنے کے لیے درجنوں کارکن بھی موجود تھے جنہوں نے نعرے لگا کر شہباز شریف کو رخصت کیا۔