درخواست ضمانت مسترد، شہباز شریف گرفتار!

لاہور: عدالت عالیہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی عبوری ضمانت خارج کردی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کے کیس میں شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جسے عدالت نے خارج کردیا۔
عدالت کی جانب سے ضمانت خارج کرنے کے بعد نیب حکام نے شہبازشریف کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔
شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد عدالت کے باہر موجود لیگی کارکنان نے نیب اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ اس موقع پر لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
گرفتاری کے بعد میڈیا نمائندگان نے شہباز شریف سے بات چیت کی کوشش کی لیکن اپوزیشن لیڈر نے اس موقع پر کوئی بات نہیں کی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو ٹھوکر نیاز بیگ کے دفتر منتقل کیا جائے گا اور انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 24 ستمبر تک توسیع کی تھی۔

arrestlahore High CourtNabShahbaz sharif