لاہور: قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آج میٹرو کیس میں نیب میں پیش نہ ہوئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے نیب راولپنڈی کو جوابی خط لکھا گیا اور ان کے وکیل عطا تارڑ نے نیب میں پیش ہوکر شہباز شریف کی طرف سے جواب جمع کرایا اور شہباز شریف کی عدم موجودگی اور جوابات پر بریفنگ دی۔
بعدازاں مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ اور طارق فضل چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف پر 90 کروڑ روپے کے پودے لگانے کا کیس ہے، اربوں کھربوں کی کرپشن کا الزام اب پھول بوٹوں تک پہنچ چکا، 45 لاکھ کے پودے لگانے کا الزام احسن اقبال کے بھائی پر لگایا ہے۔
شہباز شریف کو آج نیب نے میٹرو کیس میں طلب کیا تھا۔ نیب میٹرو بس راولپنڈی اسلام آباد منصوبے میں باغ بانی کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کررہا ہے۔
نیب کے مطابق شہباز شریف نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو منصوبے کا ٹھیکہ احسن اقبال کے بھائی کو دلوایا۔ نیب نے احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو دیے گئے ٹھیکوں کی تفصیلات مانگی ہیں۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے بینچ نے راولپنڈی میٹرو منصوبے میں مبینہ غیر قانونی ٹھیکہ لینے کے کیس میں احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی عبوری ضمانت پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔