اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کو امیدوار نامزد کردیا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار مریم نواز ہوں گی۔
(ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کے لیے شہباز شریف کو نامزد کردیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ کے لیے مریم نواز شریف امیدوار ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کے عوام اور سیاسی تعاون فراہم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اوران کے قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
نواز شریف نے یقین کا اظہار کیا کہ ان فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی خطرات، عوام مہنگائی سے نجات پائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے وفاق میں اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری، شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی اور صادق سنجرانی نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنماؤں نے اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا۔
مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے مریم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے جس کا اعلان شہباز شریف نے چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر اجلاس کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اور نوازشریف کی مشاورت سے وزیراعلیٰ کی امیدوار مریم نواز ہوں گی۔