شہباز کے اہل خانہ کے اثاثے منجمد کرنے کی عملدرآمد رپورٹ طلب!

لاہور: شہباز شریف کے اہل خانہ کے اثاثے منجمد کرنے کی عمل درآمد رپورٹ احتساب عدالت نے طلب کرلی۔
تحریری حکم نامے کے مطابق منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور صاحبزادے سلمان شہباز، بیٹی رابعہ عمران، داماد ہارون یوسف کے اثاثے منجمد کرنے کی عمل درآمد رپورٹ ڈی جی نیب لاہور سے طلب کرلی۔
جج کی جانب سے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ شہبازشریف کے وکلا نے مصروفیت کے باعث نیب کے گواہ پر جرح نہیں کی۔ عدالت نے شہباز شریف خاندان کے خلاف نیب کے گواہ کو آئندہ سماعت پر جرح کے لیے دوبارہ طلب کرلیا۔ منی لانڈرنگ ریفرنس پر مزید سماعت 22 دسمبر کو ہوگی۔