لاہور: ن لیگ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دے دی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت کل ختم ہورہی ہے جس میں توسیع کے لیے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست دی گئی ہے۔
عطا تارڑ نے درخواست میں کہا کہ بہت سارے لوگ ہیں جو والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف سے افسوس اور تعزیت کے لیے ملنے آنا چاہتے ہیں، لہٰذا ان کے پیرول میں توسیع کی جائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو جمعہ 27 نومبر کو 5 روز کے لیے پیرول پر رہا کیا تھا۔ ان کی رہائی کی مدت آج یکم دسمبر تک ہے۔ نواز اور شہباز شریف کی والدہ کا 22 نومبر کو لندن میں انتقال ہوا تھا۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف اور حمزہ کے پیرول میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے پہلے ہی انسانی ہمدردی میں معمول سے زیادہ دنوں کے لیے پیرول دیا، سیاسی گپ شپ اور کاروباری معاملات چلانے کے لیے پیرول میں توسیع نہیں ملے گی، ماں کی میت کی صف پر سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی، شہبازشریف کو یہ درخواست دینی ہی نہیں چاہیے تھی، پنجاب حکومت کی پالیسی بہت واضح ہے۔
نواز شہباز کی والدہ کی میت خصوصی پرواز کے ذریعے لندن سے لاہور لائی گئی اور 28 نومبر کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جاتی امرا میں سپرد خاک کیا گیا۔