لاہور: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل کو لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں انڈے مارنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
وہ ایک مقدمے کے سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ پہنچے تھے جہاں ان کو 2 انڈے مارے گئے جب کہ ان پر سیاہی بھی پھینکی گئی جو ان کے ماتھے اور ہاتھ پر لگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق جب شہباز گل لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو وہاں پہلے سے مسلم لیگ ن کے کارکن بھی موجود تھے جن میں موجود ایک شخص نے ان پر دو انڈے پھینکے۔
اس دوران انڈے مارنے والے شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جسے بعد میں پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا۔
اس دوران ایک خاتون نے بھی احتجاج کرتے ہوئے ‘آٹا چور’ اور ‘چینی چور’ کے نعرے لگائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ انہوں نے اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی پھینکی ہے مگر وہ بالکل ٹھیک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ غنڈہ گردی ہے، ہم ایک تھپڑ کے جواب میں دس تھپڑ نہیں ماریں گے، ایک گالی کے جواب میں دس گالیاں بھی نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم غنڈہ گردی کی تربیت نہیں دیں گے، سیاست کریں گے۔