کراچی: معروف پاکستانی اداکار شہریار منور اچانک سوشل میڈیا سے غائب ہوگئے تھے، جس پر ان کے مداح تشویش میں مبتلا تھے۔
اداکار نے کئی روز بعد اب اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا سے غائب ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔
اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ’2 ماہ قبل وہ موٹرسائیکل پر گلگت سے ہنزہ کے لیے گئے تھے کہ ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوگئے‘۔
شہریار نے بتایا کہ ’اگر وہ اُس وقت ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی چیزیں نہ پہنے ہوئے ہوتے تو یہ حادثہ ان کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوسکتا تھا‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ان کا ایک کندھا بری طرح سے ٹوٹ گیا تھا اور سلسلے میں وہ سرجری کے لیے لندن گئے تھے جہاں ان کا آپریشن ہوا اور اب ان کا کندھا حرکت کررہا ہے اور ان کی پٹی بھی اتر چکی ہے‘۔
شہریار منور نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ موٹرسائیکل ایک اچھی سواری ضرور ہے، لیکن یہ اتنی ہی خطرناک بھی ہے اور اس پر سفر کرتے ہوئے حفاظتی گیئر ضرور پہنیں۔