اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کی آج کی تقریر نے سب کے منہ بند کردیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آج کی تقریر نے سب کے منہ بند کردیے، آج پورے ایوان پر سکتہ طاری تھا، وزیراعظم کے ایک لفظ کو پکڑ کر تنقید کرنا درست نہیں، عمران خان نے آج قومی اسمبلی میں کھل کر بات کی اور واضح پیغام دیا ہے، ان کی کسی سے ذاتی مخالفت نہیں اور بتا دیا کہ کرسی کی کوئی اہمیت نہیں، وزیراعظم کے خطاب کا آج پوری قوم کی طرف سے بہت مثبت ردعمل ملا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم کو آج مستقبل کا لائحہ عمل دیا ہے اور بتایا کہ ہمیں معاشی طور پر ورثہ میں کیا ملا، ہم خارجہ امور میں ذلت کے بھنور سے باہر نکلے ہیں، ہم نے منافقت کے بجائے دنیا کو امن کے لیے قائل کیا جنگ کا حصہ نہیں بنے، ہم مسلم امہ کے اندر تقسیم کو ختم کرکے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ میں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے استعفے سے متعلق کبھی کوئی بیان نہیں دیا، جنہوں نے مجھ سے منسوب کرکے بیان چلایا انہیں ثبوت دینا ہوگا، میں نے کبھی بھی ایسے الفاظ نہیں کہے، اگر کہیں میں نے ایسا کہا تو اسے سامنے لایاجائے ورنہ غلطی کا اعتراف کرکے خبر کوواپس لیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت میں کوئی انتشار نہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، حکومت مستحکم ہے، حکومت کا نقطۂ نظر واضح ، ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں، پی ٹی آئی کا ایک بھی رکن اسمبلی ادھر اُدھرنہیں ہو گا، کارکنان کو کہوں گا کہ حکومت چلی جائے نظریہ پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔