اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے حملے کے تانے بانے اٹھاکر دیکھ لیے جائیں تو بھارتی سلیپر سیل سے ملیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مختصر وقت میں آپریشن مکمل کیا اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچاکر بڑے نقصان سے بچالیا۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے حملے کے بعد میں نے بیان دیا تھا کہ بھارت نے سلیپر سیل متحرک کیے، ہمارے جوانوں پر حملے میں بھارت کا ہاتھ تھا، آج کے حملے کے تانے بانے اٹھا کر دیکھ لیے جائیں تو انہی سلیپر سیل سے ملیں گے۔ ہمارے خفیہ ادارے مکمل الرٹ ہیں، ہم بھارت کے تمام حربوں کو ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا، ایک طرف ہم کرتار پور راہداری کھول رہے ہیں اور دوسری طرف بھارت سے امن برداشت نہیں ہورہا، بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہورہا، کشمیر میں بھارت کے مظالم دنیا کے سامنے ہیں، چین کے ساتھ لداخ کا معاملہ بھی عیاں ہوگیا، ہم بھارت کو دنیا کے سامنے مزید بے نقاب کریں گے۔