اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت ایل او سی پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہا ہے، انڈیا کی طرف سے ہمیشہ دہرا معیار سامنے آیا۔
وزیر خارجہ کا عالمی میڈیا کے ایل او سی کے دورے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہنا تھا غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کا ایل او سی دورہ بہت اہم تھا، بھارت کی طرف سے ہمیشہ دہرا معیار سامنے آیا، پاکستان نے عالمی میڈیا کو بلایا اور کہا آکے دیکھیے، کیا بھارت آزاد اور غیرجانبدار صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر لے جائے گا، بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین کو محدود رکھتا ہے کہ سچ چھپاسکے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا، بنگلادیش کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ماضی کی تلخیاں بھلا کر اچھا مستقبل چاہتے ہیں، ہم نے بنگلادیش میں نئے سفیر کی تعیناتی بھی کردی۔ انہوں نے کہا بھارت کے پڑوسیوں سے تعلقات کشیدہ ہورہے ہیں، بھارت ہندوتوا سوچ کی وجہ سے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کررہا ہے، ایران نے بھی بھارت کو چاہ بہار منصوبے سے باہر نکال دیا، مودی سرکار کی پالیسیوں کے باعث شائننگ انڈیا کے امیج کا بیڑا غرق ہوگیا ہے۔