FATF سے متعلق بلز منظور کرکے بھارتی عزائم خاک میں ملادیے، شاہ محمود

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق بلز منظور کرکے بھارتی عزائم خاک میں ملادیے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسداد دہشت گردی ایکٹ ترمیمی بل 2020 اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل ایکٹ 2020 کی منظوری کے بعد سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ کرانا اور مالی مشکلات کا شکار کرنا چاہتا ہے، سینیٹ نے متفقہ طور پر دونوں بلز منظور کرکے بھارتی عزائم کو خاک میں ملادیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا، اس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا، اب کوئی جواز نہیں رہے گا کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ میں رہے، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے وائٹ میں آجائے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں بینچوں پر بیٹھ کر دیکھ لیا کہ حکومتیں عارضی ہوتی ہیں، یہ دھوپ اور چھاؤں ہے، حالات بدلتے رہتے ہیں، سیاست میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، لیکن ریاست کا مفاد ترجیح ہے۔

FATFsenate speechShah mahmood