اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین ہیں اور ان پر اعتماد نہ کرنے والوں کی پارٹی میں رہنے کی گنجائش نہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام منتخب اراکین عمران خان کے ڈسپلن کے پابند ہیں، اعتماد کے ووٹ اور فنانس بل پر کوئی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کرسکتا جب کہ حکومتی مؤقف کے ساتھ نہ چلنے والوں کی رکنیت متاثر ہوسکتی ہے، اس لیے یقین ہے وہ ایسا نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اراکین کو دعوت دی، ان کی گفتگو سنی اور یقین دلایا کہ ناانصافی نہیں ہوگی، ان کی خواہش تھی کہ تحقیقات کے لیے ان کی پسندیدہ شخصیت کو نامزد کیا جائے، وزیراعظم نے ان کے کہنے پر علی ظفر کو ذمے داریاں سونپیں، اب علی ظفر نے اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ عمران خان آپ کے لیڈر ہیں تو ان پر اعتماد کریں، اگر آپ عمران خان پر اعتماد نہیں کرتے تو آپ کے پاس تحریک انصاف میں رہنے کی گنجائش نہیں رہتی کیونکہ پی ٹی آئی عمران خان ہے، عمران خان بانی چیئرمین ہیں، عمران خان نہ ہوتے، ان کے ووٹرز نہ ہوتے تو یہ لوگ بھی اسمبلی میں نہیں ہوتے، عمران خان کو لیڈر مانتے ہیں تو لیڈر کے فیصلوں پر آمادگی ظاہر کرنا ہوتی ہے۔