اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا ہوگئی۔ بچے کے سامنے نانا کو قتل کرنے کے واقعے نے دل ہلادیے ہیں۔
وزیر خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا کہ اس سے بڑی بربریت کا عملی مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا۔ کشمیر کا واقعہ ماورائے عدالت قتل کے زمرے میں آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو تمام صورت حال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ یورپی یونین کو واقعے کا نوٹس لینا چاہیے۔ پاکستان نے ہر فورم پر کشمیر میں مظالم پر آواز اٹھائی آئندہ بھی اس واقعے کو ہر فورم پر اٹھائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم چھپانے کی کوشش کرتا ہے، اس لیے انٹرنیٹ بھی بند کر رکھا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کررہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں کب تک خاموش رہیں گی؟ مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا انسانی تقاضا ہے۔