وزیراعظم آئے ہی نوٹس لینے ہیں، استعفیٰ نہیں دیں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تو آئے ہی نوٹس لینے ہیں، وہ استعفیٰ نہیں دیں گے انہیں ایوان کا اعتماد حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم نوٹس لینا بند کریں اور استعفیٰ دے دیں۔
بلاول کو جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تم ملک لوٹو ہم نوٹس لینا بند کردیں، تم منی لانڈرنگ کرو، ہم نوٹس نہ لیں، ہم نوٹس لیں گے، عمران آیا ہی نوٹس لینے کے لیے ہے، وزیراعظم کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے، وہ استعفی نہیں دیں گے۔
اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ یقین دلاتا ہوں کورونا سے متاثر کسی رکن اسمبلی کو اجلاس میں آنے کا نہیں کہا، فنانس بل ہر سال ایوان میں پیش ہوتا ہے، ہم قوانین پر عمل درآمد کررہے ہیں، احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی اچھے ماحول میں اگے بڑھائی گئی، ہم نے کسی بھی کورونا پازیٹو رکن کو ایوان میں نہیں بلایا، ہم ایسے غیر ذمے دار نہیں اور نہ ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو کہتے تھے ہم بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے، یہ تو کہتے تھے حکومتی اتحاد میں دراڑیں پڑچکی ہیں، آج خود بھاگ گئے اور یہاں دیکھ لیں حکومتی سائیڈ ارکان سے بھری پڑی ہے۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ وہ اپوزیشن سے ایک سوال پوچھنا چاہتے ہیں کہ جب بھی مراد سعید بات کرنے کے لیے کھڑے ہوتے ہیں اپوزیشن بھاگ کیوں جاتی ہے؟

National assemblyShah mahmood