اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین چلے گئے، جہاں وہ “پاک چین اسٹرٹیجک مذاکرات” کے دوسرے دور میں شرکت کریں گے۔
دورہ چین پر روانگی سے قبل ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج میں ایک اہم دورے پر چین روانہ ہورہا ہوں، اس دورے کے حوالے سے کل میری وزیراعظم عمران خان سے تفصیلی بات چیت ہوئی، میرا وفد پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی سوچ کی عکاسی کرے گا، مجھے امید ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ میری ملاقات دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہوگی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کورونا وبا کے بعد چین کا دورہ کرنے والی پہلی سیاسی شخصیت ہیں، دو روزہ سرکاری دورے میں وزیر خارجہ چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور چین میں ہونے والے “پاک چین اسٹرٹیجک مذاکرات” کے دوسرے دور میں شرکت کریں گے۔
مذاکرات میں پاک چین اقتصادی راہداری فیز ٹو سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا، پاک چین اسٹرٹیجک مذاکرات کا پہلا دور مارچ میں منعقد ہوا تھا۔