اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین 31 جنوری تک پاکستان کو کورونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز دے گا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے کامیابی سے کورونا کا مقابلہ کیا ہے، این سی او سی نے وبا کے دوران بہترین کام کیا، کورونا ویکسین کے حصول کے لیے چین سے مفید بات چیت ہوئی۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ 31 جنوری تک انسداد کورونا ویکسین دستیاب ہوگی اور پہلے مرحلے میں پاکستان کو کورونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز دی جائیں گی جب کہ فروری تک کورونا ویکسین کی مزید خوراکیں دینے کا بھی کہا ہے، مستقبل قریب میں کورونا ویکسین کی طلب1.1ملین ویکسین ہوں گی، چین ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز جذبہ خیرسگالی کے طور پر دے رہا ہے۔