سکھر: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا وقت آگیا۔
شفقت محمود نے سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تعلیم کا بہت نقصان ہوا، تعلیمی ادارے کھولنے کا وقت آگیا ہے، یکم فروری سے ملک بھر میں پرائمری اسکول اور یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل کا آغاز ہورہا ہے لیکن ہم صورت حال کا جائزہ بھی لیتے رہیں گے۔
وزیراعظم کے سندھ سے متعلق بیان کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ ہمارا اپنا صوبہ اور پاکستان کا حصہ ہے، ہم سندھ سے محبت اور پیار کرتے ہیں، سندھ کی تاریخ اور ورثہ قابل دید ہے، وزیراعظم کے کہنے کا مقصد تھا کہ سندھ میں ہماری حکومت نہیں۔
واضح رہے کہ نویں، میٹرک، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے بچوں کے لیے اسکولوں اور کالجز میں تدریسی عمل 18 جنوری سے شروع ہوچکا ہے اور یکم فروری سے اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک کے بچوں اور یونیورسٹیوں میں بھی تدریسی عمل ایس او پیز کے تحت شروع ہوجائے گا۔