شہباز شریف کا دورۂ کراچی، بلاول سے ملاقات متوقع

کراچی: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کل دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بدھ کو دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات متوقع ہے اور شہباز شریف اور پیپلزپارٹی قیادت سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرے گی۔
شہبازشریف دورہ کراچی کے دوران گلشن اقبال میں اپارٹمنٹ کی دیوار گرنے سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کریں گے، منظور کالونی میں عمائدین اور پارٹی کارکنان سےملاقات کریں گے، (ن) لیگ کے رہنماؤں کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے 2018 کے عام انتخابات میں بلدیہ ٹاؤن سے بھی حصہ لیا تھا، اس لیے وہ بلدیہ ٹاؤن اور ضلع غربی کا بھی دورہ کریں گے جب کہ وہ لیگی رہنماؤں کےساتھ مشاورتی اجلاس کریں گے۔
شہبازشریف اپنے دو روزہ دورے کے دوران ایدھی فاؤنڈیشن کے رہنما فیصل ایدھی سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ پارٹی رہنماؤں کے مطابق وہ ایک روز کراچی میں قیام کے بعد جمعرات کو واپس لاہور روانہ ہوں گے۔

دورہ کراچیشہباز شریف