کینبرا: پاکستان ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی شان دار ڈبل سنچری، پاکستان کے 391 رنز کے جواب میں چار روزہ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنالیے، پاکستان کو 242 رنز کی برتری حاصل ہے۔
کینبرا میں کھیلے جارہے چار روزہ میچ میں پرائم منسٹر الیون نے پہلی اننگز میں 60 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنالیے ہیں، اوپنر مارکس ہیرس اور کیمرون بینکرافٹ نے ٹیم کو 96 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ہیرس 49 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ج بکہ بینکرافٹ 53 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ میٹ رینشو اور کیمروں گرین بالترتیب 18، 19 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں دوسرے روز قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز سے اننگز کا آغاز کیا اور محض 67 رنز کے اضافے کے بعد اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی۔
کپتان شان مسعود نے ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 201 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دیگر کھلاڑیوں میں عامر جمال 5، میر حمزہ 87 اور خرم شہزاد 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
پرائم منسٹر الیون کی جانب سے جارڈن بکنگھم نے 5 جب کہ مارک اسکیڈی اور ٹوڈ مرفی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم امام محض 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ عبداللہ شفیق 38 رنز بناسکے۔
کپتان شان مسعود اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 92 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ تاہم بابر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 13 اور سرفراز احمد 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پہلے روز کے کھیل کے اختتام سے محض 2 بال قبل فہیم اشرف 17 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔