مکۃ المکرمہ: ان دنوں سعودی عرب میں شدید گرمی ریکارڈ کی جارہی ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے عازمین حج کو گرمی سے بچنے کے لیے خیموں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے عازمین سے گزارش کی ہے کہ جمعرات کو عرفات کے دن وہ اپنے خیموں سے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک باہر نکلنے سے گریز کریں۔
اس حوالے سے وزارت صحت نے بھی کہا کہ عرفات کے دن عازمین حج پہاڑوں پر چڑھتے ہیں جو انتہائی جسمانی مشقت کا باعث بنتا ہے اور گرمی لگنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، اسی لیے انہیں انتباہ کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس سال دوران حج درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ عرفات کے دن روایتی طور پر زائرین مکہ کے مضافات میں قائم پہاڑی عرفات پر چڑھتے ہیں، وہاں نماز اور قرآن کی تلاوت کے لیے جمع ہوتے ہیں۔