کراچی کے لائٹ ہاؤس لنڈا بازار میں آگ لگنے سے کئی پتھارے خاکستر

کراچی: شہر قائد کے اہم کاروباری مرکز لائٹ ہاؤس میں لُنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کئی پتھارے جل کر خاکستر ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کپڑوں کے متعدد پتھاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ لائٹ ہاؤس کے قریب لُنڈا کے پتھاروں میں لگی، جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر روانہ کر دی گئیں۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق فائر بریگیڈ کا عملہ 2 فائر ٹینڈرز کے ساتھ ابتدائی طور پر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہوا، جس کے بعد کے ایم سی اور ریسکیو 1122 کے مزید 3 فائر ٹینڈرز بھی کارروائی میں شامل کیے گئے۔ مجموعی طور پر 5 فائر ٹینڈرز نے آپریشن میں حصہ لیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پالیا گیا اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجوہ اور مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جاسکے گا۔
ریسکیو ذرائع نے تصدیق کی کہ آتشزدگی کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم کپڑوں کے متعدد پتھارے مکمل طور پر جل گئے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کے مطابق آگ بجھانے کے عمل کے دوران تمام اداروں نے بھرپور تعاون کیا اور صورت حال کو مزید خراب ہونے سے بچالیا گیا۔

FireLanda BazarLight House KarachiSeveral Stall Affected