عام انتخابات میں فوج تعیناتی سے متعلق سمری وفاقی کابینہ کو ارسال

اسلام آباد: عام انتخابات میں فوج تعینات کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے 8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں فوج کی کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعیناتی کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔
نگراں وفاقی کابینہ کی جانب سے سمری منظور کیے جانے کے بعد عام انتخابات میں فوج کی بطور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کے لیے خط لکھا تھا، جس میں 2 لاکھ 77 ہزار اہل کار طلب کیے گئے تھے، جن میں پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے اہل کار شامل ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں 8 فروری کو انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں جب کہ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے تمام افواہیں دم توڑ چکی ہیں۔ ملک میں عام انتخابات اپنے مقرر وقت پر ہوں گے۔

Army DeploymentGeneral electionPakistanSummary Sending Federal Cabinet