سینیٹ انتخابات، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا!

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا، جس کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی میں پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے 3 مارچ کو پولنگ ہوگی، پولنگ کا عمل 3 مارچ کو صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا۔ اسلام آباد کے لیے اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ ظفر اقبال حسین، پنجاب کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبر پختون خوا کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ جب کہ بلوچستان کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔
انتخابی شیڈول کے تحت امیدوار 12 اور 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، امیدواروں کی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہوگی، امیدواروں کے اعتراضات 19 اور 20 فروری کو نمٹائے جائیں گے، الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو جاری کرے گا جب کہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کے لیے امیدوار 22 فروری تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ 11 مارچ کو 52 سینیٹرز اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہوجائیں گے تاہم سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، اس طرح ایوان بالا کے ارکان کی تعداد 100 ہوجائے گی۔
سینیٹ میں انتخابات متناسب نمائندگی اور سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ کی بنیاد پر ہوں گے، سیکرٹ یا اوپن ووٹنگ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ریفرنس کے فیصلہ کے بعد ہوگا، پنجاب اور سندھ میں 11، 11، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 12، 12 اور اسلام آباد کی 2 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔

election commision of pakistanSchedulesenate election