راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع پشین میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ایک خودکُش بمبار خوارجی نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی، فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آپریشن کے دوران خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ’’عزم استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع پشین میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاسی ہے۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشین میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے 5 دہشت گردوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں لائق تحسین ہیں۔