سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 8 خوارج ہلاک

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن 25 اور 26 ستمبر کی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز کے ساتھ مقابلے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے جب کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک خوارج معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرکے 12 خوارج کو ہلاک کیا تھا جب کہ آپریشن کے دوران 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

8 Khawarij KilledISPRNorth WaziristanSecurity Forces Operation