جنیوا: امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں غزہ تنازع روکنے اور انسانی بنیادوں پر امداد پہنچانے کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔
جنیوا میں اسرائیل کے غزہ کے اسپتال پر حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس ہوا، جس میں برازیل نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد پہنچانے کے لیے تنازع روکنے سے متعلق قرارداد پیش کی۔
برازیل کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری مسودے پر دو بار ووٹنگ میں تاخیر ہوئی جس کے بعد 12 ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیا جب کہ روس اور برطانیہ نے اس میں حصہ نہیں لیا اور امریکا نے قرارداد کو اپنا صوابدیدی حق استعمال کرتے ہوئے ویٹو کردیا۔
قبل ازیں سعودی عرب کی دعوت پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اسرائیل کی غزہ کے اسپتال پر بم باری کی شدید مذمت کی گئی اور اسے منظم ریاستی دہشت گردی اور جنگی جرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ جنگی جرائم میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل اسرائیلی فورسز نے غزہ کے اسپتال پر راکٹ داغا تھا جس کے نتیجے میں کم سے کم 500 افراد شہید ہوئے۔
گزشتہ 10 روز سے جاری تنازع میں شہید ہونے والی فلسطینیوں کی تعداد 3500 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہزاروں زخمی بھی ہیں۔